سعودی عرب اور امارات کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم ہیں، مراکش
رباط: مراکش کے وزیر خارجہ ناصر بوریطہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رباط کے سعودی عرب اور امارات کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امارات اور سعودی عرب میں متعین مراکشی سفیر رباط میں اہم نوعیت کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے آئے تھے اور اب دوبارہ ابو ظبی اور ریاض میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے واپس جا چکے ہیں۔اپنے ہسپانوی ہم منصب سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مراکشی وزیر خارجہ نے کہا کہ مختلف ممالک سے سفیروں کو مراکش کی سفارتی روایات کے مطابق طلب کیا گیا تھا۔
سفیروں کو بلائے جانے کی کوئی ڈھکی چھپی وجہ نہیں تھی اور ہم نے میزبان ممالک کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مراکش کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ بوریطہ کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کے ہاں اندرونی سطح پر ہونے والی تبدیلیاں یا ممالک کے درمیان تعلقات میں اتار چڑھاؤ کے عالمی سطح پر تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں۔