روس نے حلب پربمباری نہ روکی تو مذاکرات معطل کردیں گے
وزیرخارجہ جان کیری نے روسی وزیرِ خارجہ سرگے لارورف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، گفتگو میں شامی تنازعے کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور روس کو متنبہ کیا کہ روس نے شام کے شہر حلب پر بمباری نہ روکی تو روس کیساتھ شام کی صورتحال پر ہونے والے مذاکرات معطل کردیں گے۔
کیری نے روسی اور شامی فوج کی جانب سے حلب میں اسپتالوں ،پانی کی سپلائی کے نیٹ ورک اور شہریوں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ شامی فوجیں حلب میں عام شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچا کر شہر سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی تھیں۔
شام میں امریکا اور روس میں جنگ بندی کا معاہدہ گزشتہ ہفتے ختم ہوگیا تھا، جس کے بعد سے شامی فوج کی کاروائیوں میں اب تک دو سو سے زائد شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ نے شامی فوج کے ایک اڈے پر فضائی بمباری کی تھی، جس میں اسّی سے زائد شامی فوجی ہلاک ہوگئے تھے، اس حملے کے تین روز بعد اقوام متحدہ کے ایک امدادی قافلے کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد امریکا نے روس اور شامی فوج پر اس حملے کا الزام عائد کیا تھا۔
واضح رہے کہ جان کیری اور سرگئی لاروف کے درمیان 9 ستمبر کو شام میں متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی کے لیے ایک سمجھوتا طے پایا تھا لیکن یہ جنگ بندی صرف سات روز تک ہی برقرار رہ سکی تھی۔