دنیا
ترکی نے پاکستان پر پلوامہ حملے کے بھارتی الزامات مسترد کردیئے
استنبول/اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ نے پلوامہ حملے سے متعلق پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزامات مسترد کردیئے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ٹیلی فون پر بات کی، دوطرفہ بات چیت میں پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی پلوامہ حملے سے متعلق پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزامات کو مسترد کرتا ہے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل بات چیت سے نکالا جائے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ ترک وزیرخارجہ نے بتایا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان ترکی میں انتخابات کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔