اقوام متحدہ کا مقبوضہ کشمیر میں ملٹری آبزرور گروپ سے بھارتی عدم تعاون پر اظہار تشویش
نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ملٹری آبزور گروپ برائے پاکستان و بھارت کو کام کرنے کی اجازت نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے نیویارک میں ایک اعلیٰ سفارتی اجلاس کے دوران بان کی مون پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اقوام متحدہ کا آبزرور گروپ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر غیر جانبدار رپورٹ تشکیل دے اور سلامتی کونسل میں پیش کرے۔
بان کی مون نے ملیحہ لودھی سے ملاقات میں افسوس کا اظہار کیا ہے کہ عالمی ادارے کا ملٹری آبزرور گروپ برائے ہندوستان اور پاکستان بھارت کے عدم تعاون کے باعث مقبوضہ کشمیر میں کردار ادا کرنے سے قاصر ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اوربھارت کو کشیدگی ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے ایک بار پھر پیش کش کی کہ عالمی تنظیم دونوں ممالک کے درمیان مصالحت کے لئے تیار ہے۔ بان کی مون نے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر رنج اور دکھ کا اظہار بھی کیا۔