عالمی میڈیا نے بھارت کی مبینہ کارروائی کو بے پر کی بڑھک قرار دے دیا
کراچی: عالمی میڈیا نے بھارت کی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی حدود میں فضائی کارروائی کے دعوے کو بڑھک قرار دے دیا۔ بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی بزدلانہ کوشش کو ہر دم مستعد پاک فضائیہ کے جری بہادروں نے خاک چٹا دی جس پر بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی طیاروں نے دم دبا کر بھاگنے میں ہی عافیت سمجھی۔
پاک فضائیہ کے طیاروں کی گھن گھرج نے بزدل بھارتی فضائیہ کے اوسان خطا کردیئے، ہانپتے کانپتے بھارتی فضائیہ کے طیاروں کو بھاگنے کی اتنی جلدی تھی کہ جاتے جاتے اپنا پے لوڈ بھی چھوڑ گئے۔
جھوٹ اور پروپیگنڈے کی فیکٹری بھارت اپنی ہزیمت کو چھپانے کے لیے روایتی دروغ گوئی کا سہارا لیتے ہوئے سرجیکل اسٹرائیک کی مضحکہ خیز بھڑک مارتے ہوئے شدت پسندوں کے ’خوابی ٹھکانوں‘ پر حملے میں کئی دہشت گردوں کی ہلاکت کا بھونڈا دعویٰ کر بیٹھا۔
بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے گزشتہ دعوے کی طرح اس بار بھی جہاں پاک فوج کے ترجمان نے فوری ردعمل میں بھارتی جھوٹ کی قلعی کھول دی، وہیں عالمی میڈیا نے بھی بھارتی دعوے کو آڑی ہاتھوں لیا۔ نیویارک ٹائمز نے بھارتی دعوے کو بے پر کی اُڑائی ہوئی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ٹھوس ثبوت کی فراہمی میں ناکام رہا ہے۔
اسی طرح برطانوی اخبار دا گارجیئن نے بھی بھارتی دعوے کو بڑھک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مبالغہ آرائی پر مبنی دعوے پر یقین کرنا بہت مشکل ہے، سرجیکل اسٹرائیک نہایت ٹیکنیکل معاملہ ہوتا ہے جس میں شواہد کو چھپانا ممکن نہیں ہوتا، تاہم بھارت اپنے دعوے میں کوئی ایک ثبوت بھی پیش نہیں کرسکا ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں بھی بھارت نے پاکستانی حدود میں سرجیکل اسٹرائیک کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا تاہم خود بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ اپنے ہی ملک میں متنازع بن گیا تھا اور اپوزیشن رہنماؤں نے عالمی سطح پر سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت پیش کرنے میں ناکامی پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔