میکسیکو: مسلح گروہ کی نائٹ کلب میں فائرنگ، 14 افراد ہلاک
میکسیکو سٹی: میکسیکو میں مسلح گروہ نے نائٹ کلب میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے شہر سلامانکا کے نائٹ کلب پر یہ حملہ نصف شب کے قریب کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق متعدد گاڑیوں میں گینگسٹرز کا گروپ کلب پہنچا اور اندر داخل ہوکر وہاں موجود افراد پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔
اس واقعے میں سانتا روزا ڈی لیما نامی گینگ کے ملوث ہونے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں کیوں کہ اس علاقے میں اس کا کافی اثر و رسوخ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے سے چند ہفتے قبل شہر بھر میں یہ بینرز لگائے گئے تھے کہ اگر سیکیورٹی فورسز نے علاقہ خالی نہیں کیا تو معصوم لوگ مارے جائیں گے۔
مقامی میڈیا کے مطابق سانتا روزا ڈی لیما گینگ کا جھگڑا کافی دنوں سے دوسرے گینگ جیلیسکو سے چل رہا ہے۔ سانتا روزا گینگ کا سربراہ جوز انتونیو نامی شخص ہے جو مفرور ہے اور سیکیورٹی حکام اس کی تلاش میں ہیں۔
سانتا روزا گینگ عام طور پر ایندھن کی چوریاں کرتا ہے اور اسی سلسلے میں اس گینگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے اور گزشتہ روز پولیس نے ایک پرتعیش بنگلے کو بھی سیل کیا تھا۔