دنیا
طالبان کے ساتھ قطر میں مذاکرات کا دور مکمل ہو چکا ہے، زلمے خلیل زاد
کابل؛ افغان مفاہمتی عمل کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اہم بیان میں زلمے خلیل زاد نے لکھا کہ طالبان کے ساتھ قطر میں مذاکرات کا دور مکمل ہو چکا ہے، ان مذاکرات سے امن کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے، واضح ہو گیا ہے تمام فریق جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
زلمے خلیل زاد نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ افغانستان میں امن کے لیے چار مسائل پر اتفاق ضروری ہے جس میں انسداد دہشت گردی کی یقین دہانی، فوجی انخلا، مکمل جنگ بندی اور بین الافغان مذاکرات کا آغاز شامل ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ مذاکرات میں ہم انسداد دہشت گردی کی یقین دہانی اور فوجی انخلا کے ڈرافٹ پر متفق ہوئے ہیں، فوجی انخلا کی تاریخ اور انسداد دہشت گردی کے اقدام کا مسودہ طے کرنے کے بعد طالبان اور حکومت کے مذاکرات کی طرف بڑھیں گے۔ اپنی ٹویٹ میں زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ جب تک تمام نکات پر اتفاق نہیں ہو جاتا تب تک کوئی چیز حتمی نہیں ہے، ہم عنقریب دوبارہ ملیں گے۔