صحافی مظہرمحمود کوعدالت نے سازشی مجرم قرار دے دیا
برطانوی اخباروں سے منسلک رہنے والے تحقیقاتی صحافی مظہرمحمود پر الزام تھا کہ انہوں نے 2014 میں پاپ سنگر ٹُلیسا کونٹو سٹاولوس کے خلاف ایک مقدمے میں شہادتی بیان میں رد و بدل کی سازش کی تھی۔
برطانوی صحافی مظہر محمود اور ان کے ڈرائیور ایلن اسمتھ پر لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا اور ان دونوں کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹُلیسا کونٹوسٹاولوس کے خلاف کوکین سپلائی کرنے کا الزام تھا لیکن ان کے خلاف چلنے والا مقدمہ 2014 میں ختم کر دیا گیا۔
مظہر محمود کے خلاف موجودہ مقدمے میں استغاثہ کا کہنا ہے کہ ٹلیسا والے مقدمے میں ان کی ‘ذاتی دلچسپی’ تھی۔ دونوں مجرموں کو 21 اکتوبر کو سزا سنائی جائے گی۔
عدالت سے روانگی کے موقع پر مظہر محمود نے وہاں موجود اخبار نویسوں سے بات چیبت سے معذوری ظاہر کی۔ انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ آیا وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے یا نہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹرز کے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سلمان بٹ،محمد آصف اور محمد عامرکو پھنسانے میں بھی مظہر محمود نےاہم کردار ادا کیا تھا۔