بھارتی فضائیہ کا ایک اور جنگی طیارہ گر کر تباہ
نئی دلی: بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جبکہ طیارے کا پائلٹ اس حادثے میں پحفوظ رہا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی مگ 27 جودھ پور میں دوران پرواز گر کر تباہ ہوا۔ مگ 27 معمول کی پرواز پر تھا کہ گر کر تباہ ہو گیا، ابھی تک طیارے کے گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں ہیں۔ بھارتی مگ طیارے جنہیں ان کے اپنے وزراء اڑتے ہوئے کفن قرار دے چکے ہیں، واقعی ہی کفن بنتے جارہے ہیں۔
آئے روز بھارت کا کوئی نہ کوئی طیارہ گر کر تباہ ہو جاتا ہے، ہفتے کے روز بھی بھارت اور اسرائیل کا مشترکہ طور پر بنایا گیا طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس سے پہلے بھی بھارت 27 تاریخ کو پاکستانی جہاز گرانے کی کوشش میں اپنے دو طیارے گنوا بیٹھا تھا جبکہ اسی دن بھارت کے اپنے میزائل کے ٹکرانے سے ان کااپنا ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا تھا۔ اب اتوار کے روز بھی بھارت کا مگ 27طیارہ جودھ پور میں معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ طیارہ جودھ پور ہوائی اڈے سے اڑا تھا اور گڑگانہ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جبکہ اس کا پائلٹ جہاز گرنے سے چند لمحے پہلے جہاز سے پیراشوٹ کے ذریعے کود گیا اس لیے وہ اس حادثے میں محفوظ رہا۔ ابھی اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔