اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے فی الفور کرفیو ہٹایا جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں سفارتی میدان میں پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔
او آئی سی نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فی الفور اٹھانے کا مطالبہ کر دیا
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرے او آئی سی کے جدہ اجلاس میں شرکت کے بعد او آئی سی کا بیان سامنے آیا، آج او آئی سی نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فی الفور اٹھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ آواز صرف پاکستان کی نہیں بلکہ پوری اسلامی دنیا کی متفقہ آواز بن چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھی اسلامی دنیا کی آواز پر توجہ دے گی۔
بعدازاں وزیر خارجہ شاہ محمود کی زیر صدارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر وزارت خارجہ میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کشمیر سے متعلق ماہرین، جنوبی ایشیا اور کشمیر افیئرز پر دسترس رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے ماہرین امور کشمیر کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے طویل مشاورت کی۔
وزارت خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور اُن کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 50 سال سے بھارت نے مسئلہ کشمیر کو دبایا ہوا تھا، مسئلے کا سلامتی کونسل میں زیر بحث آنا ہماری بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔