دنیا

ایف بی آئی چیف نے شاید قانون کو توڑا ہے

ہیری ریڈ نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومے پر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایکٹ حکام کو انتخابات میں اثر انداز ہونے سے روکتا ہے

امریکہ کے تفتیشی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے ہلیری کلنٹن کی ای میلز سے متعلق نئی تحقیقات کی خبر امریکہ میں آئندہ ماہ چھ نومبر کو ہونے والے صدارت انتخاب سے دو ہفتے قبل سامنےآئی ہے۔

دریں اثنا ایف بی آئی نے سابق امریکی وزیرِ خارجہ کی نائب ہما عابدین کی ای میلز تلاش کرنے کے لیے وارنٹ حاصل کیے ہیں۔

یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ ہیلری کلنٹن سے متعلق یہ ای میلز ہما عابدین کے سابق شوہر اینتھونی وینر کے لیپ ٹاپ سے ملی تھیں۔

ایف بی آئی کو یقین ہے کہ ہلیری کلنٹن جو اس وقت امریکی وزیرِ خارجہ تھیں، کے نجی سرور پر حساس معلومات موجود تھیں۔

ہیلری کلنٹن کے خلاف یہ مقدمہ جولائی میں ختم کر دیا گیا تھا اور ان کے خلاف کوئی الزام بھی عائد نہیں کیا گیا تھا۔

امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما نے ایک خط میں جیمز کومے پر ایک سیاسی جماعت کی مدد کرنے کی نیت کے دہرے معیار اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

ہیری ریڈ کا کہنا تھا ‘ آپ نے اپنے عمل کے ذریعے شاید قانون کو توڑا ہے۔’

امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما نے جیمز کومے پر رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اعلیٰ نائبین کے روسی حکومت کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے کا الزام عائد کیا۔

اس سے پہلے امریکی حکام نے کہا تھا کہ محکمۂ انصاف کی جانب سے ایف بی آئی کو تجویز دی گئی تھی کہ وہ کانگرس کو ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی ای میلز کے بارے میں کی جانے والی نئی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ نہ کریں۔

محکمہ انصاف کے حکام کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بظاہر انتخابات میں مداخلت سے بچنے کے لیے بنائے جانے والے اصولوں کے متصادم ہو گا۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومے نے جمعے کو انفرادی حیثیت میں کانگریس کے اراکین کو ایک خط کے ذریعے اس بارے میں آگاہ کیا۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹرز کی جانب سے جیمز کومے اور اٹارنی جنرل لوریٹا لینچ کو بھیجوائے گئے خط میں اصرار کیا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے پیر تک مزید تفصیلات سے آگاہ کریں۔

ان کا موقف ہے کہ جیمز کومے کا اس کیس کو انتخابات سے محض چند روز قبل دوبارہ کھولنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

کانگرس کو لکھے گئے خط میں جیمز کومے نے کہا تھا کہ تازہ ای میلز شاید مسز کلنٹن کی ای میل کے استعمال کے حوالے سے کی جانے والی انکوائری سے مماثلت رکھتی ہیں۔

اس سے قبل ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ وہ ‘مطمئن’ ہیں کہ ای میلز کے معاملے پر ایف بی آئی کی دوبارہ تحقیقات سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔

۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close