بھارتی اقدام نے ہماری خود مختاری کو چیلنج کیا، چین
نیویارک:
چین نے کہا ہے کہ بھارت نے یک طرفہ طور پر کشمیرکی حیثیت تبدیل کی، لداخ سے متعلق بھارتی اقدام سے چین کو تشویش ہے، بھارتی اقدام نے چین کی خود مختاری کو چیلنج کیا ہے۔
کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 اراکین ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں تعینات چین کے مندوب کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کونسل اجلاس میں کشمیر کے معاملے پر تفصیلی بات ہوئی اور تمام ارکان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا، بھارت نے یک طرفہ طورپر کشمیر کی حیثیت تبدیل کی، لداخ سے متعلق بھارتی اقدام سے چین کو تشویش ہے، بھارتی اقدام نے چین کی خود مختاری کو چیلنج کیا ہے۔
چینی مندوب کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، تمام ارکان نے اتفاق کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہیے۔
مندوب نے کہا کہ چین بھی فریقین پر زور دیتا ہے وہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں، مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان حل طلب مسئلہ ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور دو طرفہ معاہدہ کے تحت حل ہونا چاہیے۔
بھارت میں پسند کی شادی کرنے والی کم سن لڑکی پر تشدد، ویڈیو وائرل