ولادی میرپوتین فرانسیسی صدر کے حامی
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤ روف نے کہا ہے کہ صدر ولادی میرپوتین ایٹمی معاہدے کے حوالے سے فرانسیسی صدر کے اقدمات کے حامی ہیں۔
اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ سرگی لاوروف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے صدر پوتین اور صدر میکرون کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی ایٹمی معاہدے میں پائے جانے والے تعطل کو دور کرنے کے بارے میں بات چیت کی گئی تھی۔انھوں نے کہا کہ صدر ولادی میر پوتین نے ایٹمی معاہدے کے حوالے سے صدر میکرون کی کوششوں کی حمایت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ صدر میکرون کی کوششیں اسی وقت نتیجہ خیز ثابت ہوسکتی ہیں جب ایران سمیت تمام فریق اسے قبول کریں اور ماسکو اس حوالے سے مثبت نتائج کی توقع کرتا ہے۔واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے فرانسیسی صدر کے ساتھ حالیہ ملاقات کے بعد کہا تھا کہ اگر یورپی یونین، امریکہ کو ساتھ ملا کر یا اس کے بغیر، ایٹمی معاہدے کے حوالے سے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کا ٹھوس فیصلہ کرلیں تو پھر ایران چند گھنٹوں میں ایٹمی پروگرام کی پہلے والی پوزیشن پر واپس آجائے گا۔