افغان شہر قندوز میں خودکش دھماکا، پولیس ترجمان سمیت 10 افراد ہلاک
افغان شہر قندوز میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افغان حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، ہلاک ہونے والوں میں قندوز پولیس ترجمان بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق خودکش دھماکے میں قندوز پولیس چیف زخمی ہیں جبکہ حملے کی ذمے داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔
خیال رہے کہ طالبان نے جمعے کی شب 1:30 بجے کے قریب قندوز پر چار جانب سے حملہ کیا اور متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرلیا۔
افغان فورسز طالبان کا حملہ پسپا کرنے کیلئے زمینی و فضائی آپریشن کررہی ہے، جھڑپوں میں 8 افغان فوجیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ افغان فورسز نے 35 طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان عمل عمل زلمے خلیل زاد نے قندوز حملے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ طالبان سے دوحا میں جاری مذاکرات میں قندوز حملے کا معاملہ اٹھایا ہے۔
زلمے خلیل نے کہا کہ طالبان کو بتایا کہ قندوز حملے جیسے واقعات رکنے چاہئیں، جنگ اسی صورت میں ختم ہوگی جب تمام فریقین اسے ختم کرنے پر راضی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مفاہمت اور جامع جنگ بندی کیلئے تمام افغانوں کو مذاکرات میں آنا ہوگا۔
یاد رہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا نواں دور قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری ہے جس سے متعلق افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور ان کے 98 فیصد مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔