وزیراعظم سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھی ملاقات کی جس میں افغان امن عمل اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم سے زلمے خلیل زاد کی ملاقات 40 منٹ جاری رہی جبکہ ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود، ملیحہ لودھی اور نعیم الحق سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق زلمےخلیل زاد نے وزیراعظم کو صدر ٹرمپ سے مجوزہ ملاقات سے متعلق پیغام بھی پہنچایا۔
زلمے خلیل زاد نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا: وزیرخارجہ
وزیراعظم عمران خان سے مختلف شخصیات کی ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مفاہمت ہونی ہے تو افغان حکومت اور طالبان کو بیٹھ کر طے کرنا ہوگا، پاکستان کا آج بھی یہی مؤقف ہے کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چین بھی افغان مسئلے کا اسٹیک ہولڈر ہے، طالبان کا وفد اس وقت چین میں ہے اور چین بھی کردار اداکر رہا ہے، پاکستان کی خواہش ہے خطے کے جو بھی ممالک کردار ادا کرسکتے ہوں تو کرنا چاہیے۔
وزیرخارجہ کے مطابق افغان مذاکرات کے بعد بھی آگے بڑھنا ہوگا، افغان معاملے میں چیلنجز بے پناہ ہیں، اس کیلئے سب ممالک اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔