خواتین خلابازوں سے گفتگو کے دوران ٹرمپ کے نامناسب اشاروں پر تنقید
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خلا میں موجود امریکی خلانوردوں سے براہ راست گفتگو کے دوران نامناسب اشارے سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے۔
گذشتہ ہفتے2 امریکی خواتین خلا بازوں نے خلا میں چہل قدمی کی تھی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں خلا میں چلنے والی پہلی خواتین قرار دے دیا تھا۔
خلابازوں سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں خلا میں چہل قدمی کرنے والی پہلی خواتین قرار دیا اور تاریخ رقم کرنے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔
تاہم ایک خاتون خلاباز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصحیح کی اور کہا کہ ہم دونوں سے پہلے بھی 12 خواتین خلا میں چہل قدمی کرچکی ہیں ۔
خاتون کے ٹوکنے پر صد ٹرمپ سٹپٹا گئے اور نامناسب انداز میں اپنے بال درست کرنے لگے جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے دو امریکی خواتین خلابازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے باہر نکل کر خلا میں کام کرتے ہوئے اسٹیشن کے ایک خراب پاور کنٹرولر کو تبدیل کیا تھا۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق یہ دنیا کی تاریخ میں ’صرف خواتین پر مشتمل خلائی چہل قدمی کا پہلا واقعہ‘ تھا، اس سے قبل خواتین خلا بازوں کے ساتھ مرد خلا باز بھی خلا میں چہل قدمی کیلئے جاتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ روسی خلاباز خاتون سویتلانا سویتسکیا دنیا کی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے 1984 میں دیگر خلا بازوں کے ساتھ خلا میں چہل قدمی کی ۔
جب کہ امریکی خاتون کیتھی سولاون نے بھی اسی سال خلا میں چہل قدمی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
روسی خلاباز الیگزے لیونوف پہلے انسان تھے جنہیں خلا میں چہل قدمی کا اعزاز حاصل ہوا۔