دنیا

دلوں پر حکومت کرنے والی سیاستدان

خوبصورتی و دلکشی سے متعلق سب سے پہلا خیال جو انسانی ذہن میں آتا ہے وہ صنفِ نازک کا ہی ہوتا ہے۔ کہتے ہیں کہ خوبصورتی دیکھنے والی آنکھ میں ہوتی ہے اور بیرونی و ظاہری خدوخال سے ہی ظاہر نہیں ہوتی بلکہ ذہانت ، سچائی ، خوش اخلاقی ، اچھے اعمال اور اچھا کردار بھی خوبصورتی کے ہی زمرے میں آتے ہیں۔ جسے باطنی و اندرونی خوبصورتی یعنی خوب سیرتی کہا جاتا ہے۔ انگریزی شاعر جان کیٹس نے اپنی مشہور نظم ’’Ode to a Grecian Urn‘‘ میں اس کا تذکرہ بڑے خوبصورت و جامع انداز میں کیا ہے۔ جان کیٹس کے مطابق 
"Beauty is truth,truth beauty,
that is all 
Ye know on earth, 
and all ye need to know.”
دنیا میں سب سے زیادہ شعر جس موضوع پر کہے گئے وہ بھی خوبصورتی کا ہی موضوع ہے۔ ایک انسان کا خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ خوب سیرت ہونا بھی بہت ضروری ہوتا ہے کیونکہ ظاہری خوبصورتی ایک ایسے سورج کی مانند ہوتی ہے جو بہت جلد ڈھل جاتا ہے ۔ جبکہ خوب سیرتی ایک ایسا دریا ہے جو کبھی خشک نہیں ہوتا اور ہمیشہ دوسروں کو نفع ہی پہنچاتا ہے۔ 
خوبصورتی و خوب سیرتی کا حسین امتزاج ایک مکمل انسان بناتا ہے۔ جسے عرفِ عام میں "Beauty with Brain” کہا جاتا ہے۔ دنیائے سیاست میں بھی یہ امتزاج دیکھنے میں آتا ہے۔ پوری دنیا میں ایسی بہت سی خواتین ہیں جو ایک کامیاب سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ظاہری خوبصورتی و دلکشی اور اسٹائل و فیشن کا حسین نمونہ ہیں۔ ایسی ہی چند مشہور خواتین سیاستدانوں کا مختصر تعارف یہاں بیان کیا گیا ہے۔ 
ہلیری کلنٹن : 


ہلیری کلنٹن امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کی شریک حیات ہیں۔ وہ 2013ء تک امریکہ میں سیکرٹری آف اسٹیٹ کے فرائض انجام دیتی رہی ہیں۔ اور اب وہ امریکی صدارتی انتخابات 2016 ء کیلئے ڈیمو کریٹک پارٹی کی طرف سے صدارت کی امیدوار ہیں۔ ہلیری کلنٹن اپنے شوخ اور منفرد لباس کی وجہ سے دوسروں سے جدا اور خوبصورت و دلکش دکھائی دیتی ہیں۔ 
ملکہ رانیہ عبد اللہ : 


ملکہ رانیہ عبد اللہ ، اْردن کے شاہ عبداللہ دوم کی شریک سفر ہیں۔ ملکہ رانیہ اندرون و بیرون ملک مختلف موضوعات پر لب کشائی کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے اْردن میں بچوں کی تعلیم اور اس کے اعلیٰ معیار کیلئے قابل قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھی دوسرے ممالک کے وزرائے اعظم کے سامنے بچوں کی ابتدائی تعلیم بارے مضبوط دلائل کیساتھ اپنا نقطۂ نظر بیان کرتی رہی ہیں۔ ملکہ رانیہ ایک سرگرم سماجی و معاشرتی کارکن بھی ہیں۔ ان کی شخصیت کی خوبصورتی و خوب سیرتی ہی انہیں مرکزِ نگاہ بناتی ہے۔ 
مریم نواز:


مریم نواز ، موجودہ پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی بھتیجی ہیں۔ ان کا تعلق اپنے والد کی سیاسی پارٹی مسلم لیگ (نواز) سے ہے۔ وہ سیاست کے ساتھ ساتھ کاروبار میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے 2013ء کے عام انتخابات میں اپنے والد میاں محمد نواز شریف کا بھرپور ساتھ دیا۔ اس کے علاوہ وہ 1997ء سے شریف ٹرسٹ کی چئیر پرسن کے بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔ مریم نواز اپنی خوبصورتی و دلکشی اور گوری رنگت کی وجہ سے بھی جانی پہچانی جاتی ہیں۔ اور شاید یہ خوبصورتی اور گوری رنگت انہیں ان کے والدین کی طرف سے ورثے میں ملی ہے۔ اس کے علاوہ وہ روزمرہ کے بدلتے فیشن سے بھی آگاہ رہتی ہیں اور اپنے آپ کو اس کے مطابق ڈھالنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس لئے دنیا کی خوبصورت و جوان خواتین سیاستدانوں میں انہیں ممتاز مقام حاصل ہے۔ 
حنا رباّ نی کھر:


پاکستان کی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا شمار دنیا کی خوبصورت و دلکش خواتین سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ وہ حسین ہونے کے ساتھ ساتھ ذہین بھی ہیں۔ ان کا تعلق پاکستان کے شہر مدینتہ الاولیاء ملتان سے ہے۔ وہ مشہور پاکستانی سیاستدان غلام نور ربانی کھر کی بیٹی اور سابق گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب غلام مصطفی کھر کی بھتیجی ہیں۔ حنا ربانی کھر پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے منتخب کردہ رکن قومی اسمبلی ہیں۔ انڈیا ٹوڈے کے ایک سروے کے مطابق حنا ربانی کھر دنیا کی دس خوبصورت و دلکش سیاستدان خواتین کی فہرست میں اوّل نمبر پر ہیں۔ وہ اپنے منفرد اسٹائل اور فیشن ایبل ملبوسات کی وجہ سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔ بیرونی ممالک کے دوروں کے دوران ان کے ملبوسات اور ہینڈ بیگز تمام لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتے رہے ہیں۔ وہ اپنے ملبوسات کا انتخاب موسم اور جگہ کی مناسبت سے کرتی ہیں۔ مختصراً یہ کہ انہیں پہننے کا ڈھنگ اور اٹھنے بیٹھنے اور بات کرنے کا سلیقہ آتا ہے اور یہی چیزیں انہیں دنیا کی دوسری خوبصورت و دلکش خواتین سیاستدانوں سے الگ و جدا کرتی ہیں۔ 
راتھیکا سٹسا بائیسن () : 

راتھیکا سٹسا بائیسن کا تعلق کینیڈا سے ہے۔ وہ سری لنکا نژاد نوجوان کینیڈین تامل ممبر پارلیمنٹ اور ایک سرگرم سماجی کارکن ہیں۔ وہ کینیڈین سیاسی جماعت اونٹیریو لبرل پارٹی کی ممبر ہیں۔ وہ پہلی تامل خاتون ہیں جو کینیڈین پارلیمنٹ کی ممبر بنی ہیں۔ وہ اپنی پر اعتماد اور پروقار شخصیت کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایک فوٹو شاپ معاملے کی وجہ سے بھی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔ جو ان کیلئے انتہائی پریشان کن اور باعثِ شرمندگی رہا۔ ان کا شمار بھی دنیا کی دلکش و پروقار خواتین سیاستدانوں کی فہرست میں ہوتا ہے۔ 
یولیا ٹا ئیمو شینکو  


یولیا ٹائیمو شینکو یوکرین (Ukraine) کی سابق وزیراعظم ہیں۔ وہ اپنی خوبصورتی اور بالوں کی منفرد ڈیزائن والی چوٹیوں کی وجہ سے مشہور ہیں ۔ ان کی تاج والی چوٹی کا اسٹائل اتنا مشہور ہوا کہ انٹر نیٹ پر ان جیسی چوٹی بنانے کے متعدد ویڈیوز موجود ہیں جن میں ان کے اسٹائل جیسی چوٹی بنانا سکھائی گئی ہے ۔ وہ پہلی خاتون ہیں جو دو مرتبہ یوکرین کی وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ ان کا تعلق ’’فادر لینڈ ‘‘ نامی سیاسی پارٹی سے ہے۔ غرض یولیا ٹائیمو شینکو سیاست کے علاوہ اپنے اسٹائل اور خوبصورتی و دلکشی کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ 
سارہ لوئس پالن : (Sarah Louise Palin) : 


سارہ لوئس پالن کا تعلق امریکہ سے ہے۔ وہ امریکی سیاسی جماعت ریپبلیکن کی ممبر ہیں۔ وہ تین سال تک امریکی ریاست الاسکا (Alaska) کی گورنر کے فرائض بھی انجام دیتی رہی ہیں۔ اور 2008 ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں انہوں نے ریپبلیکن پارٹی کی طرف سے وائس پریذیڈنٹ کی نشست کیلئے الیکشن لڑا۔ وہ ایک سیاستدان کے ساتھ ساتھ مصنفہ بھی ہیں ۔ ان کی چار کتب منظر عام پر آ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ تبصرہ نگار کے طور پر بھی کام کرتی رہی ہیں۔ 2008 ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں انتخابی مہم کے دوران سارہ لوئس پالن کے قیمتی ملبوسات بھی موضوع بحث رہے لیکن انہوں نے اپنا طرزِ زندگی نہیں بدلا بلکہ اس طرزِ زندگی کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے آپ کو کامیاب خاتون سیاستدان کے طور پر منوایا۔ اور ان کے مخصوص اسٹائل ، جیکٹس اور سکرٹس نے ان کی شخصیت کو مزید نکھار بخشا ہے۔ سارہ لوئس پالن کا شمار دنیا کی ورسٹائل خواتین سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ جنہوں نے اپنی ذہانت کے ساتھ ساتھ اپنے منفرد و دلکش اسٹائل اور خوبصورتی کی وجہ سے لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ 
سونیا گاندھی : 


سونیا گاندھی بھارتی سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگریس کی صدر ہیں۔ ان کا تعلق نہرو گاندھی خاندان سے ہے۔ سونیا گاندھی بھارت کے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی بیوہ اور اندرا گاندھی کی بہو ہیں۔ سونیا گاندھی اپنے منفرد و جدا طرزِ لباس کی وجہ سے بھی جانی جاتی ہیں۔ ان کی ساڑھیاں نہ صرف ان کے مشرقی حسن کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ ان کی شخصیت کو سمارٹ ، خوبصورت و دلکش اور پْر وقار بھی ظاہر کرتی ہیں۔ 
روبی ڈھلا : 


روبی ڈھلا بھارت نژاد کینیڈین سیاستدان ہیں۔ جنہوں نے چند بھارتی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ روبی ڈھلا کا شمار کینیڈا کے 50 خوبصورت ترین لوگوں میں ہوتا ہے۔ روبی ڈھلا اور نینا اگروال دو پہلی سکھ خواتین ہیں جنہیں کینیڈین ہاؤس آف کامن میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا موقع ملا ۔ روبی ڈھلا کا شمار بھی دنیا کی پْر کشش و پْر وقار خواتین سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ 
پریانکا گاندھی ودیرا : 


پریانکا گاندھی ودیرا بھی بھارتی خاتون سیاستدان ہیں۔ ان کا تعلق بھی انڈیا کی سیاسی جماعت انڈین نیشنل گانگریس سے ہے۔ پریانکا گاندھی ودیرا مشہور بھارتی سیاستدان اور بھارتی وزیراعظم راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی کی صاحبزادی ، فیروز گاندھی اور اندرا گاندھی کی پوتی اور راہول گاندھی کی بہن ہیں۔ پریانکا گاندھی ودیرا ایک پْر وقار شخصیت کی مالک ہیں۔ وہ زیادہ تر کاٹن کی ساڑھی اور شلوار قمیض میں نظر آتی ہیں۔ ان کی دلکش شخصیت انہیں مرکزِ نگاہ بناتی ہے۔ 
کشمالہ طارق : 


کشمالہ طارق کا تعلق پاکستانی سیاست سے ہے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ کی ممبر ہیں۔ اس کے علاوہ وہ وکالت کے پیشے سے بھی منسلک ہیں۔ وہ 2002ء سے 2013ء تک پاکستان کی قومی اسمبلی کی ممبر بھی رہیں۔ وہ اپنے جداگانہ طرزِ لباس اور بے باکانہ طرزِ گفتگو کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔ کشمالہ طارق مختلف مواقع پر روایتی اقدار کو سبوتاژ کرنے اور اپنے نا مناسب پہناوے کی وجہ سے موضوع تنقید رہی ہیں۔ لیکن انہوں نے کبھی بھی اس تنقید پر کان نہیں دھرے اور ہمیشہ وہی کیا جو من بھایا۔ کشمالہ طارق کی یہی خوبصورتی و دلکشی اور منفرد اسٹائل ہی انہیں جاذب نظر بناتے ہیں۔ اور وہ دنیا کی خوبصورت و دلکش سیاستدان خواتین کی فہرست میں نمایاں مقام کی حامل قرار پاتی ہیں

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close