ہیلسنکی : یورپی ملک فن لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ عراق میں اپنے سفارت خانے کو دوبارہ کھولے گا
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومت فن لینڈ نے 30 برس بعد عراق میں دوبارہ سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر عراق میں چار افراد فن لینڈ کی جانب سے سفارتی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
فن لینڈ 30 برس کے بعد اپنا سفیر بغداد بھیجے گا، اس اقدام کا مقصد دو طرفہ تعلقات کا ازسر نو آغاز کرنا، عراق کی تعمیر نو میں مدد اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مضبوط بنانا ہے۔
فن لینڈ کے سفیر ویسا ہیکینن نے سرکاری طور پر اپنا نیا منصب سنبھالنے سے ایک روز قبل جمعرات کو امریکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں واضح کیا کہ ان کا ملک جو یورپی یونین کا رکن ہے، اس نے جنوری 1991 میں خلیج کی جنگ کے فوری بعد عراق میں اپنا سفارتی وجود ختم کر دیا تھا۔
فن لینڈ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہزاروں عراقیوں کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد ان افراد کی واپسی اور بے دخلی ابھی تک دونوں ملکوں کے بیچ پرخار معاملے کی حیثیت رکھتی ہے۔