دہلی میں سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر کی گمشدگی کے پوسٹرز لگ گئے
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سابق بھارتی کرکٹر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ گوتم گھمبیر کی گمشدگی کے پوسٹرز لگ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی خطرناک حد برقرار ہے جس کی وجہ سے ائیر کوالٹی انڈکس 365 ریکارڈ کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی کی اس خطرناک صورت حال میں بھارتی شہریوں کے لیے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے اور عوام کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ماہرین نے بتایا کہ نئی دہلی میں اسموگ کے باعث شہر میں دل کی بیماریوں کے امراض میں 10 سے 15 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس تمام تر صورتحال کے باوجود مودی سرکار اور مقامی حکومت آلودگی سے نمٹنے کی کوششوں میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتی نظر آ رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی خطرناک صورت حال سے نمٹنے کے لیے اہم میٹنگ طلب کی گئی تھی جس میں گوتم گھمیر کو بھی شرکت کرنا تھی لیکن وہ شریک نہ ہوئے۔
ماحولیات پر اہم میٹنگ میں شرکت نہ کرنے پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوتم گھمبیر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اسی ضمن میں نئی دہلی میں درختوں پر ان کی گمشدگی کے پوسٹرز لگا دیئے گئے ہیں