Featuredدنیا

حماس کو اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی حاصل

اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فونز پر حماس کا کنٹرول

حماس نے نیم عریاں خوبصورت لڑکیوں کی تصویروں سے اسرائیلی فوجیوں کے فون ہیک کرلیے

اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والی تنظیم ’حماس‘ نے خوبصورت لڑکیوں کی تصاویروں سے درجنوں فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی حاصل کرلی۔

اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج یہ اعتراف کرتی رہی ہے کہ حماس مختلف حربوں کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کے ذاتی موبائل فونز تک رسائی کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔

2017 میں بھی اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا تھا کہ حماس کے کارکنان نے خوبصورت لڑکیوں کی تصاویر اسرائیلی فوجیوں کو بھیج کر ان کے موبائل تک رسائی کرلی تھی۔

ایک بار پھر اسرائیلی فوج کے اعلیٰ حکام نے اعتراف کیا ہے کہ تازہ واقعے میں بھی حماس نے ان کے فوجیوں کے ذاتی موبائل تک رسائی حاصل کرلی۔

دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے لیفٹنٹ کرنل جوناتھن کونرکس نے اعتراف کیا کہ حماس کے کارکنان درجنوں اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کے افسر کے مطابق گزشتہ ساڑھے تین سال میں یہ تیسرا موقع ہے کہ حماس نے خوبصورت اور نیم عریاں لڑکیوں کی تصاویر کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کو دھوکا دیا۔

ان کے مطابق سائبر کرائم میں حماس کے کارکنان تیزی سے مہارت حاصل کر رہے ہیں اور اس بار وہ درجنوں اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فونز کے ذاتی ڈیٹا اور نمبرز تک پہنچ گئے تھے۔

جوناتھن کونرکس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجیوں کے پاس واٹس ایپ، ٹیلی گرام، فیس بک اور انسٹاگرام کے ذریعے خواتین کی صورت میں وائرس کو بھیجا گیا اور اسرائیلی فوجی لڑکیوں کی تصاویر دیکھ کر فریفتہ ہونا شروع ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جب اسرائیلی فوجی مذکورہ لڑکیوں سے تعلقات بڑھانے کا سلسلہ آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے تو لڑکیاں انہیں ایک لنک بھیجتیں اور کہتیں کہ اسے ڈاؤن لوڈ کرنے سے وہ آسانی سے ان کی تصاویر دیکھ سکیں گے۔

جیسے ہی اسرائیلی فوجیوں نے مذکورہ لنک کو ڈاؤن لوڈ کیا تو وائرس ان کے موبائل میں ڈاؤن لوڈ ہوگیا اور ان کے موبائل پر حماس کا مکمل کنٹرول ہوگیا۔

فوجی ترجمان نے اعتراف کیا کہ حماس نے اسرائیلی فوجیوں کے موبائل میں موجود تمام فون نمبرز، تصاویر اور دیگر ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کرلی تھی اور ان کے موبائل سے ہی تصاویر اور ویڈیوز بھی ریکارڈ کی۔

جوناتھن کونرکس نے یہ بھی کہا کہ حماس کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی کرنے سے اسرائیلی فوج باخبر تھی اور فوج نے کچھ بھی غلط ہونے سے قبل ہی حفاظتی انتظامات کرلیے۔

فوجی ترجمان نے اعتراف کیا کہ اگرچہ انہوں نے حفاظتی انتطامات کرلیے تاہم حماس کے حالیہ حملے سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کے سائبر کارکنان نے مہارت حاصل کرلی ہے۔

حماس کی جانب سے خوبصورت، نیم عریاں اور پرکشش لڑکیوں کی جو تصاویر بھجوائی گئیں ان کے سوشل اکاؤنٹس میں عبرانی زبان میں مواد کو شامل کیا گیا۔

فوجی ترجمان کے مطابق عبرانی زبان میں لڑکیوں کے نام اور ان کے اکاؤنٹ پر مواد موجود ہونے کی وجہ سے جلد اسرائیلی فوجی ان پر فریفتہ ہوئے اور لڑکیوں سے تعلقات کے چکر میں وہ اپنے موبائل فونز ہیک کروا بیٹھے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہو کہ حماس نے خوبصورت اور نیم عریاں لڑکیوں کی تصاویر میں بھیجے گئے وائرس سسٹم سے فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی حاصل کی ہو۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close