ترکی میں تمام سفارتی مراکز بند کردیئے
تہران : امریکا کے بعد ایران نے بھی ترکی میں تمام سفارتی مراکز غیر معینہ مدت کے لئے بند کردیئے ہیں۔
ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں روسی سفیر کے قتل کے بعد ایران نے اپنے سفارتی عملے کی حفاظت کے لیے ترکی میں سفارتی مراکز بند کردیئے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزارت خارجہ نے ترکی کے شہروں انقرہ، استنبول، طرابزون اور ارضروم میں قائم کردہ سفارت خانہ اور قونصل خانوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
ادھر ترکی میں ایرانی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے تناظر میں سفارتی مراکز بند کیے جا رہے ہیں۔ لہٰذا ترکی میں موجود شہری سفارت خانوں کا رخ نہ کریں۔
واضح رہے کہ ایران اور روس شامی صدر کی حمایت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں پوری دنیا میں ایران اور روس کے خلاف سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔