بھارتی شہر گوا میں مسافر طیارہ رن وے سے پھسل گیا، متعدد افراد زخمی
گوا: بھارت کے معروف سیاحتی مرکز گوا کے ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے دوران رن وے سے پھسل گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوا کے ڈابولم انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر جیٹ ایئر ویز نامی فضائی کمپنی کی پرواز نائن ڈبلیو 2347 ممبئی جارہی تھی، طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 161 افراد سوار تھے۔ مسافر بردار طیارہ عین اس وقت رن وے سے پھسل گیا جب وہ ٹیک آف کررہا تھا۔ واقعے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ایئر پورٹ حکام نے حادثے کی وجہ نہیں بتائیں تاہم ایئر پورٹ کو ہر قسم کی پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ کردی گئی ہے۔
دوسری جانب فضائی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حادثے کا شکار طیارے کا عملہ اور مسافر محفوظ ہیں اور انہیں طیارے سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے، چند مسافروں کو امددای سرگرمیوں کے دوران زخم آئے ہیں لیکن وہ شدید نوعیت کے نہیں تاہم ان کا علاج جاری ہے۔