سعودی شہزادے کے 80 عقابوں کا جہاز کی سیٹ پر سفر
جدہ: مسافر بردار طیارے میں سوار 80 عقابوں کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے لیکن بزنس کلاس میں آرام دہ کرسیوں پر بیٹھے ہوئے یہ عقاب مفت میں سفر نہیں کررہے بلکہ سعودی شہزادے نے اپنے ان خاص مہمانوں کے لیے باقاعدہ ٹکٹ خریدے تھے۔
اس تصویر میں 80 عقاب اپنے مالک کے ساتھ طیارے میں سفر کررہے ہیں لیکن یہ اپنی نوعیت کا پہلا موقعہ نہیں کیونکہ خلیجی عرب ممالک میں شاہی خاندانوں کے افراد سال میں کم از کم ایک سے دو مرتبہ اپنے پالتو عقابوں کے ساتھ مسافر بردار طیاروں میں سفر کرتے دکھائی دیتے ہیں اور خصوصاً جب وہ شکار پر جارہے ہوتے ہیں۔
چار سال پہلے بھی ایسی ہی ایک تصویر سوشل میڈیا پر مقبول ہوچکی ہے جس میں عرب شیوخ کے ساتھ درجنوں عقاب ایک مسافر بردار طیارے میں دکھائی دے رہے تھے۔
عرب ممالک میں عقاب پالنا اور شکار کھیلنا بلند سماجی رتبے کی علامت سمجھا جاتا ہے اور اسی لیے خلیجی ممالک کی بیشتر ہواباز کمپنیاں مالدار عرب شیوخ اور عرب شہزادوں کے پالتو عقابوں کے لیے خصوصی انتظامات کرتی ہیں۔
دلچسپی کی بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات میں عقابوں کے لیے پاسپورٹ تک بنوائے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے مالک کے ساتھ بین الاقوامی سفر بھی کرسکیں۔