بند ٹوٹنے کا خطرہ، ہزاروں افراد کو علاقہ چھوڑنے کا حکم
امریکہ کے شمالی کیلیفورنیا میں شدید بارش کے نتیجے میں سب سے اونچے ڈیم کے کمزور ہوجانے کی صورت میں ایک لاکھ 30 ہزار افراد کو اپنے گھروں کو چھوڑنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اوروول ڈیم بھر چکا ہے اور کہیں کہیں سے چھلکنے بھی لگا ہے جبکہ حکام کے مطابق یہ کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے۔
اس کی زد میں آنے والے علاقوں میں رہنے والے رہائیشیوں سے اپنے مکانات فوری طور پر خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
کئی برسوں کی شدید خشک سالی کے بعد کیلیفورنیا میں تیز بارش اور برف باری کے نتیجے میں پانی کے ذخائر میں پانی کی سطح مسلسل اونچی ہو رہی ہے۔
اپنی 50 سال کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اوروول جھیل میں اس طرح کی ہنگامی صورت حال پیدا ہوئی ہے۔
تص
کیلیفورنیا کے آبی زخائر کے محکمے نے اتوار کو بتایا کہ وہ جھیل کو سکھانے کے لیے اس کے نکاسی کے صدر مقام سے فی سیکنڈ ایک لاکھ مکعب فٹ پانی چھوڑ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ پر پوسٹ کیے جانے والے اپنے ایک پیغام میں جھیل کے علاقے کے شیرف نے وہاں کے رہائیشیوں سے اپنے مکانات خالی کرنے کے لیے کہا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ یہ کوئی مشق نہیں ہے بلکہ ناگہانی صورت حال ہے۔
انجینیئروں نے جب یہ دیکھا کہ پانی کی نکاسی کے ایک مقام سے کنکریٹ کا ایک بڑا حصہ غائب ہے تو انھوں نے جمعرات سے پانی چھوڑنا شروع کیا۔
16 ہزار آبادی پر مشتمل اوروول کے قصبے کے مکینوں کو مزید شمال کی جانب نقل مکانی کنے کے لیے کہا گیا ہے جبکہ دوسرے متاثرہ شہروں کی جانب سے ان شہروں کے حکام کی جانب سے الرٹ جاری کیا جائے گا۔