دنیا

ڈاکٹر کی غیر موجودگی، بھارتی رکن اسمبلی مریضہ کی سرجری پر مجبور

ویسے تو سیاستدانوں کا وعدہ ہوتا ہے کہ وہ خود کو منتخب کرنے والی عوام کے ہر دکھ درد کا مداوا کریں گے، اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے، تاہم اقتدار میں آتے ہی سیاستدان اپنے وعدے بھول بھال کر دونوں ہاتھوں سے پیسہ کمانے کے مشن میں مصروف ہوجاتے ہیں۔

البتہ اس کی ایک بہترین مثال بھارتی ریاست میزو رام میں نظر آئی جب ڈاکٹر کی عدم موجودگی میں ایک رکن اسمبلی نے آپریشن کے آلات سنبھال لیے اور جاں بہ لب مریضہ کو بچانے کے لیے ان کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک 35 سالہ خاتون پیٹ کے شدید درد کے باعث اسپتال لائی گئیں۔ ان کی فوری طور پر سرجری کی جانی ضروری تھی لیکن اسپتال کا واحد سرجن ایک ٹریننگ پروگرام کے سلسلے میں شہر سے باہر تھا۔

تب ریاستی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر کے بیچوا اس صورتحال میں آگے آئے اور انہوں نے خود مریضہ کی سرجری کر ڈالی۔

مذکورہ رکن اسمبلی خود بھی ڈاکٹر تھے اور اپنی پریکٹس کے دوران متعدد سرجریاں انجام دے چکے تھے، تاہم اس بات کو لگ بھگ 20 سال کا عرصہ گزر چکا تھا اور اب ایک طویل عرصے سے وہ سیاست کی راہ پر خار کے کھلاڑی تھے۔

نیک نیتی اور خلوص دل سے کی گئی ان کی سرجری کامیاب رہی اور مریضہ اپنی تکلیف سے نجات کے بعد اب روبصحت ہے۔ ڈاکٹر بیچوا ہر دوسرے دن خود مریضہ کی حالت دریافت کرنے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت خاتون کی سرجری نہ کی جاتی تو وہ موت کے منہ میں جاسکتی تھیں۔ مریضہ اور ان کے اہلخانہ ان کے اس نیک عمل کے لیے ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔

دوسری جانب وہ اس بات کا بھی اعتراف کرتے ہیں کہ مذکورہ سرجن کے رخصت پر جانے سے قبل انہیں وہاں متبادل سرجن کا انتظام کرنا چاہیئے تھا، تاہم اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ دیگر کئی ریاستوں کی طرح یہاں بھی ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close