دنیا

کیلیفورنیا میں ریلوے مرکز میں ملازم کی فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک

اب تک 8 متاثرین اور ایک مشتبہ شخص کو مردہ قرار دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے

رسل ڈیوس نے مقامی ویلی ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ شخص وی ٹی اے کا ملازم ہے۔

رپورٹ کے مطابق علی الصبح 911 کے ذریعے فائرنگ کی متعدد اطلاعات کی تفتیش کے لیے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔

تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تفصیلات نہیں مل سکیں کہ حملہ آور کو پولیس نے مارا یا اس نے خود اپنی جان لی یا اس نے کس قسم کا ہتھیار استعمال کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کی ڈپٹی پریس سیکریٹری کیرن جین نے صحافیوں سے کہا کہ ہم متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ‘جیسا کہ صدر نے کہا ہے کہ یہ واضح ہے ہمیں ملک میں ہتھیاروں کے تشدد کی وبا کا سامنا ہے’۔

ڈپٹی پریس سیکریٹری نے کہا کہ کانگریس سے ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق اصلاحات کے طویل المدتی مطالبے کو منظور کرنے کا کہا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: کیلیفورنیا کے شراب خانے میں فائرنگ، 12 افراد ہلاک

واقعے کے بعد سان ہوزے کے ریل یارڈ کے قریب گلیوں میں درجنوں گاڑیوں، فائر انجنز کے ساتھ ساتھ ایف بی آئی عہدیداران کی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی تھیں۔

فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے رپورٹ ہوا اور جائے وقوعہ پر اس وقت یونین اجلاس کے لیے کم از کم عملے کے 80 افراد موجود تھے۔

 

میئر سان ہوزے نے کہا کہ کئی لوگوں کو طبی علاج فراہم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کی کہ اس ہولناک فائرنگ میں جن لوگوں کی جانیں گئیں ہم ان کے اہلخانہ کے دکھ میں شریک ہیں۔
واقعہ وی ٹی اے یارڈ میں پیش آیا جسے ٹرینیں اسٹور کرنے اور ان کی مرمت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔امریکا میں حالیہ عرصے میں شوٹنگ کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

 

اپریل میں امریکی ریاست انڈیانا کے شہر میں ایک مسلح شخص نے مشہور کوریئر کمپنی کے احاطے میں فائرنگ کی تھی جس میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے اور بعد میں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔

مارچ کے آخر میں جنوبی کیلی فورنیا میں ایک دفتر کی عمارت میں فائرنگ سے بچے سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close