اپنے گھر کا کوڑا بیچیں اور لاکھوں کمائیں، حکومت نے شاندار اعلان کردیا
قاہرہ: ہمارے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کوڑا کرکٹ قابو سے باہر ہونے گا تو حکومت کے ہاتھ پاﺅں پھول گئے، نا اہلی کے نئے ریکارڈ قائم ہو گئے۔ بہت کوششیں ہوئیں اور بڑے بڑے دعوے بھی کیے گئے لیکن کوڑے کے پہاڑ اور اونچے ہوتے چلے گئے۔ دوسری جانب برادر اسلامی ملک مصر کے دارالحکومت میں بھی یہی مسئلہ پیدا ہوا، مگر حکومت نے ہوش و حواس کھونے کی بجائے ایک انوکھا حل متعارف کروا دیا، جس کے بعد عوام کیلئے مصیبت بننے والا کوڑا ایک نایاب جنس کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہر میں دو جدید ترین ویسٹ مینجمنٹ سٹیشن قائم کئے گئے جہاں کوڑا خریدا جاتا ہے۔ شہر کے نواحی علاقے ہیلیو پولس میں قائم سٹیشن کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں جو کاٹھ کباڑ کے تھیلے ہاتھ میں اٹھائے اپنی باری کے منتظر نظر آتے ہیں۔
کوڑا بیچنے کیلئے آنے والی خاتون لیلیٰ الشازلی نے بتایا کہ نواحی علاقے میں جس جگہ سٹیشن قائم کیا گیا ہے وہاں کبھی کوڑے کا پہاڑ ہوا کرتا تھا جس سے ناقابل برداشت بدبو اٹھتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب لوگ کوڑا بیچ کر رقم کما رہے ہیں اور گند گی کا مسئلہ بھی حل ہو گیا ہے۔ کوڑے کو خرید کو اس کی ری سائکلنگ کرنے کی تجویز دو ارکان اسمبلی کی جانب سے سے سامنے آئی تھی، جس کے بعد قاہرہ کی مقامی حکومت نے اس خیال کو حقیقت کی شکل دے ڈالی۔ قاہرہ میں اس پراجیکٹ کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب دیگر شہروں میں بھی اسے متعارف کروانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ کاش ہمارے ارباب اقتدار بھی کوڑے کی ری سائیکلنگ کے ایسے مفید پراجیکٹ پر غور کی زحمت گوارا کر لیں۔