عمان میں کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری
مسقط: عمان میں معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے 50 نئے مواقع متعارف کرائے گئے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمانی وزارت تجارت قیس بن محمد ال یوسف نے سرمایہ کاری کے نئے مواقعوں کا افتتاح کیا۔ وہ سرمایہ کار جو عمان کی صنعتی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں ان کے پاس نئے راستے موجود ہیں۔
عمانی سکریٹری برائے تجارت و صنعت ڈاکٹر صالح بن سعید کا کہنا ہے کہ صنعتی ترقی ‘عمان وژن 2040’ کا ایک اہم حصہ ہے جس کا مقصد برآمدات پر انحصار کم کرنا اور لچکدار معیشت کو تشکیل دینا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم اس اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ وزارت تجارت، صنعت کے فروغ کے عزم پر زور دینا چاہتے ہیں، مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مزید بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے جس کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وژن 2040 کے تحت مخصوص علاقوں میں سرمایہ کاری کو ہدف بنایا جائے گا، آئندہ ٹیکنالوجی منصوبوں کی ترقی میں بھی مدد ملے گی اور پیٹروکیمیکل شعبے میں صنعتی مواقع کی ترقی بھی پلاننگ کا حصہ ہے۔
عمان میں فراہم کیے گئے سرمایہ کاری کے نئے 50 مواقعوں میں کان کنی اور کھدائی کی سرگرمیاں، کھانے کی مصنوعات، کاغذ اور کاغذی مصنوعات، کیمیکل، بجلی کا سامان، ربڑ اور ربڑ کی مصنوعات، فضلہ ضائع کرنے اور نظم و نسق، دھات کاری اور حرارتی اور کولنگ یونٹ کی اسمبلی شامل ہیں۔