ڈونلڈ ٹرمپ نے 13 اسلامی ممالک پر نئی پابندی لگادی، اب امریکہ جانے کا سوچنے سے بھی پہلے یہ خبر ضرور پڑھ لیں
واشنگٹن: امریکی صدرڈونلڈٹرمپ اپنے انتخابی وعدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے مسلمانوں کا امریکہ میں داخلہ بند کرنے کے درپے تو تھے ہی، اب انہوں نے متعدد اسلامی ممالک سے الیکٹرانک اشیاءامریکہ لانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، جس کے بعد اب لوگ موبائل فون سے بڑی کوئی بھی الیکٹرانک ڈیوائسز، لیپ ٹاپ، آئی پیڈ وغیرہ، نہ تو امریکہ جاتے ہوئے مسافر کیبن کے اندر لے جاسکیں گے اور نہ ہی امریکا سے آتے ہوئے ایسا کرسکیں گے۔ دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق اس نئی پابندی کی زد میں 13اسلامی ممالک آئے ہیں۔ امریکی انتظامیہ نے خفیہ طور پر ان ممالک کی فضائی کمپنیوں کو ای میل کے ذریعے یہ حکم دے دیا ہے کہ وہ مسافروں کا سامان چیک کریں اوریقینی بنائیں کہ ان کے پاس موبائل فون سے بڑے سائز کی کوئی الیکٹرانک ڈیوائس لیپ ٹاپ، حتیٰ کہ کیمرہ بھی نہ ہو۔
رپورٹ کے مطابق جن ممالک کی ایئرلائنز کو یہ حکم نامہ پہنچایا گیا ہے ان میں سعودی عرب، اردن، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات ومشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک شامل ہیں۔ امریکی انتظامیہ نے اس بار طریقہ واردات بدلتے ہوئے شہریوں پر براہ راست پابندی عائد کرنے کی بجائے فضائی کمپنیوں کو پابند بنایا ہے کہ وہ شہریوں کو موبائل فون سے بڑی الیکٹرانک ڈیوائسز لانے سے روکیں۔ایئرلائنز کی طرف سے اس حوالے سے اپنے مسافروں کے لیے ہدایت نامہ پیر کے روز تک جاری کیے جانے کی توقع ہے کیونکہ ای میل میں امریکی انتظامیہ کی طرف سے انہیں اس حکم نامے پر عملدرآمد کے لیے 96گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔ ’رائل اردن ایئرلائنز‘ کے حکام کے مطابق یہ حکم نامہ امریکہ جانے اور وہاں سے روانہ ہونے والی دونوں طرح کی پروازوں پر لاگو ہو گا۔ واضح رہے کہ امریکی فضائی کمپنیاں اس سے متاثر نہیں ہوں گی۔