یورپ کا ہر دسواں شخص مارکیٹوں میں موجود جعلی مصنوعات کے چنگل میں پھنس جاتا ہے
میڈرڈ: یورپی یونین کے حقوق دانش کے آفس نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ یونین کے رکن ممالک کا ہر 10 میں سے ایک فرد جعلی مصنوعات خریدتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے انٹیلیکچوئل پراپرٹی آفس نے ایک جائزہ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی بلاک میں فروخت ہونے والی جعلی مصنوعات کی مالیت 147 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق یورپ کا ہر دسواں شخص مارکیٹوں میں موجود جعلی مصنوعات کے چنگل میں پھنس جاتا ہے، کئی لوگ اصل اور نقل میں فرق کی کوشش بھی کرتے ہیں تاہم ناکام رہتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی ممالک میں ایسی جعلی اشیا اکثر ایشیائی ممالک سے درآمد شدہ ہوتی ہیں، جو یورپی یونین کے رکن ممالک کی کل درآمدات کا 6.8 فی صد اور ان کی مالیت 121 ارب یورو یعنی 147 ارب ڈالر ہے، اور ان جعلی مصنوعات میں کپڑے، الیکٹرانکس، کھلونے اور وائن پروڈکٹس شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جعلی مصنوعات کی صورت حال یورپی یونین کے مختلف ملکوں میں الگ الگ ہے، ان میں اسپین 12 فی صد، فرانس 9 فی صد، بلغاریہ 19 فی صد اور سوئٹزرلینڈ 2 فی صد کے ساتھ نمایاں ہیں۔
اس سلسلے میں 9 فی صد یورپی شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ خریداری کے دوران غیر متوقع طور پر جعلی مصنوعات کی خریداری بھی کر لیتے ہیں۔