یمن کی تحریک انصاراللہ نے سعودی حکومت پر اسرائیل کے ساتھ مل کر یمنی عوام کے قتل عام کا الزام کردیا
صنعاء: یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے الزام عائد کیا ہے کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران سعودی حکومت نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے ساتھ مل کر یمنی عوام کے خلاف بدترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیکریٹری جنرل عبدالملک الحوثی نے یمن کے خلاف سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی مشترکہ سازشوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی غاصبانہ موجودگی صیہونی حکومت کے مفادات کو پورا کرنے کے لئے ہے۔ انصاراللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سعودی عرب، مصر پر بھی غیر معمولی دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ وہ یمن کے خلاف جنگ میں ریاض کے ساتھ شامل ہو جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام نے مصر کی جانب سے مخالفت کی صورت میں قاہرہ کے خلاف متعدد تادیبی اقدامات اور کارروائیوں کی دھمکی دی ہے جن میں سے ایک مصر کے خلاف پابندیاں بھی شامل ہیں۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا کہ مصر کے لئے سعودی حکومت کی تیل کی مدد منقطع کر دینا اور ایتھوپیا میں النہضہ ڈیم کی تعمیر کی حمایت کرنا بھی، کہ جسے قاہرہ اپنے وجود کے لئے خطرہ سمجھتا ہے، مصر کے خلاف سعودی دھمکیوں میں شامل ہے۔