افغانستان میں امریکا کی مدد کرنے والوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ جنہوں نےافغان جنگ میں امریکا کی مدد کی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ کیا امریکا کی مدد کرنے والے مترجموں کو دوسرے ممالک میں منتقل کیا جارہا ہے۔
جوبائیڈن نے جواب میں کہا کہ اشرف غنی سے میری ملاقات طے ہےاس دوران اس معاملہ پر بات کریں گے۔
خیال رہے کہ برطانیہ نے افغانستان میں اپنی فوج کے ساتھ بطورمترجم کام کرنے والے افغان شہریوں کو برطانیہ منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔
افغان مترجم کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم صلح الائنس کے مطابق افغان مترجم کا پہلا گروپ برمنگھم پہنچ گیا ہے۔
حکومتی منصوبے کے تحت برطانوی فوج کے لیے کام کرنے والے سابق اور موجودہ افغان کارکنان میں سے 1300 کو برطانیہ منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ منصوبے کے تحت تین ہزار سے زائد افغانوں کو برطانیہ میں آباد کیا جائے گا۔
برطانیہ نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ نیٹو افواج کے انخلا سے پہلے افغانستان میں تعینات برطانوی فوج کے ساتھ کام کرنے والے افغان عملے اور ان کے خاندانوں کو برطانیہ منتقل کرنے سے متعلق منصوبے پر عمل درآمد تیز کردیا جائے گا۔