ایران کی جانب سے شام پر امریکی میزائل حملے کی شدید مذمت
تہران: اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے شام میں "الشعیرات” ایئر بیس پر امریکی میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ کا یہ اقدام زوال پذیر دہشتگردوں کی تقویت اور شام و خطے کی پیچیدہ صورتحال کو مزید گھمبیر بنانے کا باعث بنے گا۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے شامی ایئر بیس پر امریکی میزائل حملے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ایران موجودہ تاریخ میں کیمیائی حملوں کا نشانہ بننے والے ملک کی حیثیت سے، اس سے قطع نظر کہ اس حملے کا نشانہ کون بنتا ہے، ایسے کیمیایی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ کیمیائی حملے کا بہانہ بنا کر یکطرفہ طور پر کسی بھی خود مختار ملک کو نشانہ بنانے کے عمل کو خطرناک اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔
بہرام قاسمی کا مزید کہنا تھا کہ ہم امریکہ کی جانب سے شام کے "الشعیرات” ایئر بیس پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے صوبہ ادلب کے علاقے "خان شیخون” میں ہونے والے مشکوک کیمیائی حملے، جس کے بارے میں ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس حملے کا ارتکاب کس نے کیا ہے اور کون کون اس حملے کے نتائج سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، اس مشکوک حملے کو بہانہ بنا کر ایک خود مختار ملک پر میزائل حملہ دہشتگردوں کی تقویت کی ساتھ ساتھ شام اور خطے کی پیچیدہ صورتحال کو مزید گھمبیر بنانے کا باعث بنے گا۔