دنیا

امریکا نے افغانستان میں سب سے بڑا غیرجوہری بم گرا دیا

کابل: امریکی فوج نے افغانستان کے صوبے ننگرہار میں سب سے بڑا غیرجوہری بم جی بی یو 43 گرا دیا۔ امریکی فوج کی جانب سے یہ بم 13 اپریل کو گرایا گیا، اس بم کو تمام بموں کا خالق بم بھی کہا جاتا ہے۔ ننگرہار صوبے میں گرائے گئے بم میں 21 ہزار 600 پاؤنڈ دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔ اس بم کو ٹارگیٹڈ جگہ کو نشانہ بنانے اور دیگر نقصان کم سے کم کیے جانے کی منصوبہ بندی کے وقت استعمال کیا جاتا ہے۔ امریکی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس بم کو عراق جنگ کے دوران بنایا گیا، امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق سب سے بڑی غیر جوہری بم کو داعش (آئی ایس) کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ نشریاتی ادارے نے امریکی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ وزنی بم کو ایم سی 130 جہاز کے ذریعے گرایا گیا، جس کا انتظام امریکی فضائیہ کے اہلکاروں کے پاس تھا۔

رپورٹ کے مطابق غیرجوہری بم کو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے ٹارگیٹڈ جگہ پر گرایا گیا، فوری طور پر اس بم کے گرائے جانے سے ہونے والے نقصانات کا پتہ نہیں چل سکا۔ امریکی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سب سے بڑے جوہری بم کو گرائے جانے کے کاغذات پر افغانستان میں امریکا اور اتحادی فوج کے سربراہ جنرل جوہن نکولسن نے دستخط کیے، جب کہ اس کی حتمی منظوری امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل سے لی گئی۔ خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی ملک میں سب سے بڑا غیر جوہری بم استعمال کیا گیا۔ اس سے پہلے امریکا افغانستان سمیت عراق جنگ میں دیگر روایتی ہتھیار استعمال کرتا رہا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے گزشتہ 16 سال سے افغانستان میں ٹینک اور فضائی کارروائی سمیت چھوٹے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے اسلحہ بارود کا استعمال کیا جاتا رہا ہے، جن میں لاکھوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close