دنیا

امریکا میں آنے والے خطرناک طوفان آئیڈا کی تباہ کاریاں جاری

امریکا: طوفان آئیڈا کے نتیجے میں ہونے والی بارش کے بعد بننے والی سیلابی صورت حال سے نیویارک، نیو جرسی، میری لینڈ، پنسلوانیا، لوزیانا، فلا ڈلفیا اور کنیٹی کٹ شدید متاثر ہوئے ہیں

شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال اور مختلف حادثات میں نیویارک میں 15، نیو جرسی میں 23، پنسلوانیا میں 5، لوزیانا میں 3،کنیٹی کٹ اور میری لینڈ میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

رپورٹس کے مطابق متاثرہ 6 ریاستوں میں حالیہ طوفان اور شدید بارشوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر جبکہ لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں، انتہائی خراب موسم کے باعث ائیرپورٹس کھلے ہونے کے باوجود سیکڑوں پروازیں منسوخ کرنا پڑ یں۔

نیویارک کے علاقے کوئنز میں تہہ خانوں میں پانی بھرنے سے 11 افراد ہلاک ہوگئے، ریاست میں طوفان سے ہلاک افراد میں 2 سال سے 86 برس کے لوگ شامل ہیں، صورت حال اس قدر خراب ہے کہ نیویارک شہر میں پہلی بار فلیش فلڈ ایمرجنسی لگانا پڑی۔
نیوجرسی اور پنسلوانیا میں دریاؤں کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس سے قریبی آبادی کو مزید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑ ھیں : ’یاس‘ طوفان آج بھارت سے ٹکرائے گا

شدید بارشوں کے باعث میساچوسٹس اور رہوڈ آئی لینڈ بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ فلاڈلفیا میں مرکزی شاہراہ کا ایک حصہ پانی میں ڈوبنے کے سبب شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

نیویارک میں چند ہی گھنٹوں میں آدھے فٹ سے زیادہ بارش ہوئی جس کے سبب گلیاں اور ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم دریا کا منظر پیش کرنے لگے، نیویارک کے علاقے کوئنز کے بعض حصوں میں فلیٹس کی پہلی منزل پرگھٹنوں تک پانی کھڑا ہو گیا ہے۔

بعض علاقوں میں 5 ،5 فٹ پانی کھڑا ہو گیا جس کے باعث متاثرہ علاقوں سے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا، پانی میں ڈوبی گاڑیوں کی چھتوں پر بیٹھے لوگوں کو بھی بمشکل نکالا گیا۔امریکا کے صدر جو بائیڈن کی جانب سے موسمی حالات کو وقت کا بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close