جہاز کے ٹیک آف سے چند لمحے قبل خاتون مسافر کی ایسی حرکت کہ ہنگامہ برپا ہوگیا، پائلٹ نے تمام مسافروں کو ہی جہاز سے اتاردیا
نیویارک: پروازوں سے مسافروں کو زبردستی اتارنے کی ویڈیوز توگاہے منظرعام پر آتی رہتی ہیں لیکن اب ایک ایسی ویڈیو آگئی ہے جس میں ایک خاتون نے فضائی کمپنی کو پورا طیارہ خالی کروانے پر مجبور کر دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سین انٹونیو کے ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون جہاز کے عملے کے ساتھ انتہائی بدتمیزی سے پیش آ رہی ہوتی ہے اور انہیں گالیاں دے رہی ہوتی ہے۔ ایک موقع پر وہ یونائیٹڈ ایئرلائنز سے گھسیٹ کر اتارے گئے شخص کا حوالہ دے کر کہتی ہے کہ وہ شخص ڈاکٹر تھا، میں ڈاکٹر نہیں ہوں، مجھے اتارنے کی کوشش کی گئی تو میں تمہاری ہی پٹائی کر دوں گی۔
رپورٹ کے مطابق خاتون عملے کو دھمکی دیتی ہے کہ یہ جہاز اب کہیں نہیں جائے گا۔ کوئی مسافر بھی اس میں سفر نہیں کرے گا۔ جہاز کا عملہ اس سے اس قدر تنگ آ جاتا ہے کہ ایئرپورٹ پولیس کو طیارے میں بلا لیتا ہے۔ پولیس کے دو آفیسرز آ کر خاتون کو طیارے سے اترنے کا کہتے ہیں لیکن وہ ان سے بھی تکرار شروع کر دیتی ہے۔ وہ انہیں کہتی ہے کہ آپ مسافروں سے پوچھ لو، ان کے پاس مجھے طیارے سے اتارنے کی کیا جائز وجہ ہے؟ پولیس سے تین منٹ کی تکرار کے بعد انٹرکام پر ایک آواز گونجتی ہے جس میں تمام مسافروں کو طیارے سے اتر جانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ تمام مسافر سیٹوں سے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور سامان اٹھانے لگتے ہیں۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ پرواز کس فضائی کمپنی کی تھی اور اس کے بعد اس کا کیا بنا۔