دنیا

پاکستان شام میں روس کے اقدامات کی حمایت کریگا، خواجہ آصف

ماسکو: وزیر دفاع خواجہ آصف نے روس میں حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان شام پر امریکی حملے کو غیر ملکی مداخلت سمجھتا ہے، شامیوں کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ حکومت انہیں کرنی ہے اور یہ ان کا بنیادی حق ہے۔ ماسکو میں انٹر نیشنل سیکورٹی کے بارے میں کانفرنس کے موقع پر روسی وزیر دفاع سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آستانہ مذاکرات میں شام میں مصالحت کے بارے میں روسی کردار کو سراہتا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مقصد تک پہنچنے کے لئے روس کے اقدامات کی حمایت کرے گا، جبکہ روس، افغانستان میں استحکام لانے کے عمل کی قیادت کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 21 ویں صدی متعدد طاقت کے مراکز، تجدید اقتصادی انحصار اور سیاسی، اسٹریٹجک اتحاد کو بڑھانے کا دور ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ماسکو میں انٹر نیشنل سیکیورٹی پر ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر ایک اسٹریٹجک اشتعال کی وجہ ہوسکتا ہے اور اگر یہ حل نہ ہوا تو اس تنازع کے باعث خطے کے امن و امان اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کانفرنس کی مشترکہ چیلنجز کے حوالے سے اہمیت پر زور دیا، جس میں دہشتگردی، سماجی و اقتصادی عدم مساوات، موسمیاتی تبدیلی، آبادیات شامل ہیں، اس موقع پر انھوں نے شام، یمن، عراق، افغانستان اور شمالی افریقہ میں جاری کشیدگی کا حوالہ دیا۔ انھوں نے ماسکو میں چھٹی سیکیورٹی کانفرنس کے انعقاد پر روسی وزارت دفاع کا شکریہ ادا کیا۔ اس کانفرنس میں ایران، برازیل اور بھارت کے وزراء دفاع نے بھی خطاب کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close