Featuredدنیا

امریکی خفیہ ایٹمی معلومات کی چوری،ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

ورجینیا : امریکہ میں جاسوس میاں بیوی رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، مذکورہ جوڑے پر الزام ہے کہ وہ سینڈوچ اور چیونگم کے پیکٹس میں قومی ایٹمی راز منتقل کررہے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی جوڑے کو مغربی ورجینیا کی ریاست میں جوہری جنگی جہازوں کے حوالے سے خفیہ معلومات بیچنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف نے اتوار کو اپنے بیان میں بتایا کہ امریکی بحریہ کے جوہری انجینیئر 42 سالہ جوناتھن ٹوئیبی اور ان کی 45 سالہ اہلیہ کو فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے اہلکاروں نے سنیچر کو حراست میں لیا اور ان کے خلاف درج کرائی گئی شکایت میں ان کے خلاف اٹامک انرجی ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا۔

بیان کے مطابق یہ جوڑا تقریباً ایک سال سے جوہری سامان سے لیس جنگی جہازوں سے متعلق خفیہ معلومات ایک ایسے شخص کو فروخت کر رہا تھا جس کے بارے میں سمجھا جا رہا ہے کہ وہ ایک بیرونی طاقت کا نمائندہ تھا لیکن دراصل وہ ایف بی آئی کا خفیہ ایجنٹ تھا۔

درج کرائی گئی شکایت میں جوناتھن نے بیرونی حکومت کے ساتھ پہلے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے لکھا کہ میں آپ کی زبان کے خراب ترجمے پر معذرت خواہ ہوں۔

براہ مہربانی یہ خط اپنی ملٹری انٹیلی جنس ایجنسی کو بھجوا دیجیے، میرا خیال ہے کہ یہ معلومات آپ کی قوم کے لیے بڑی بہترین ثابت ہوگی، یہ کوئی چکما نہیں ہے۔

بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ جوناتھن نے اپریل 2020 میں ایک پیکج بیرون ملک میل کیا جو خفیہ ڈیٹا اور ہدایات پر مشتمل تھا۔

ایف بی آئی نے اس پیکج کو روک دیا اور پھر خفیہ ایجنٹ نے خود کو بیرون ملک حکومت کا نمائندہ ظاہر کیا تاکہ اس جوڑے کے ساتھ تعلقات استوار کرسکے۔

ایجنٹ نے جوناتھن کو ایک ای میل بھیجی جس میں ڈیٹا پہنچانے کے لیے شکریے کے طور پر تحفے کی پیشکش کی گئی تھی تاہم جوناتھن نے جواب میں کرپٹو کرنسی کی صورت میں معاوضے کا کہا۔

ایجنٹ کے مطابق امریکی جوڑے نے ڈیٹا کے متعدد ایس ڈی کارڈ ایجنٹ کو منتقل کیے، پہلا ایس ڈی کارڈ کو پلاسٹک میں لپیٹ کر ڈبل روٹی کے درمیان سینڈوچ کی شکل میں منتقل کیا جبکہ دوسرے کارڈ کو چیونگم کے پیکٹ میں چھپایا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مزکورہ جوڑے کو گزشتہ روز خفیہ ڈراپ آف لوکیشن پر ایک اور ایس ڈی کارڈ بھیجنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close