ایف بی آئی ایجنٹ بھی داعش کے جنگجو کی محبت میں گرفتار
نیویارک: امریکی نیوز چینل ’’سی این این‘‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایف بی آئی کی ایک اہلکار نے داعش کے اُسی دہشت گرد سے شادی کرلی تھی جس کی تفتیش پر اسے مامور کیا گیا تھا۔ ڈینیالا گرین نامی اس خاتون کو ایف بی آئی نے 2011 میں بطور مترجم بھرتی کیا تھا اور اسے جرمن زبان کا مواد انگریزی میں ترجمہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ جنوری 2014 میں اسے داعش کے ایک خطرناک اور انتہائی مطلوب جرمن نژاد دہشت گرد ’’ڈینس مامادو کسپرٹ‘‘ المعروف ’’ابوطلحہ جرمن‘‘ سے تفتیش کرنے والی ٹیم میں شامل کیا گیا تاکہ وہ ایف بی آئی تفتیش کاروں کے ساتھ مل کر اس دہشت گرد کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھ سکے اور سوشل میڈیا پر جرمن زبان میں اس کے اظہارِ خیال اور ویڈیوز کو انگریزی میں ترجمہ کرکے امریکی حکام کے علم میں لاسکے۔
یہ تو معلوم نہیں کہ 38 سالہ ڈینیالا گرین کس طرح ابوطلحہ جرمن سے براہِ راست رابطے میں آئی لیکن اتنا ضرور پتا چلا ہے کہ وہ اس کی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس انگریزی میں ترجمہ کرتے دوران ہی اس کے عشق میں گرفتار ہوگئی تھی اور غالباً کسی خفیہ اسکائپ اکاؤنٹ کے ذریعے اس سے بات چیت بھی کرتی رہتی تھی۔