نیپال کا رواں ہفتے دوسرا فضائی حادثہ
کھٹمنڈو(مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی نیپال کے پہاڑی علاقے میں چھوٹا طیارہ گر کرتباہ ہوگیاہے جس میں عملے سمیت11افراد سوار تھے جبکہ ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے ، رواں ہفتے نیپال میں ہونیوالا یہ دوسرا حادثہ تھا۔
غیرملکی میڈیا نے سرکاری حکام کے حوالے سے بتایاکہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق کم ازکم ایک شخص اس حادثے میں چل بسا ہے ۔پدم لال لمیشانے کاکہناتھاکہ کستھمنڈپ ایئرلائن کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوا اور پہاڑ کی چوٹی کے قریب ایک کھیت میں اترنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکا اوردارلحکومت کھٹمنڈو سے 400کلومیٹردور تلکھاگاﺅں کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔
طیارے میں 9مسافراور دوعملے کے ارکان سوار تھا جبکہ یہ نیپال گنج سے پہاڑی قصبے جملہ کی طرف جارہاتھا جبکہ موسم بھی صحیح تھا۔ پولیس اور آرمی ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ کردی گئی ہیں جبکہ کھٹمنڈوسے ایک ہیلی کاپٹر بھی طلب کرلیاگیا۔
یادرہے کہ دو روز قبل بھی ہمالیہ کے پہاڑوں میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ایک کویتی اور چینی شہری سمیت 23افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔