دنیا

میرے بھائی نے شامی بچوں کی ہلاکت کا بدلہ لیا، سلمان عبیدی کی بہن کا بیان

مانچسٹر: برطانیہ کے شہر مانچسٹر سٹی میں خودکش دھماکہ کرنیوالے سلمان عبیدی کی بہن جمانا عبیدی نے حملہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں تسلیم کرتی ہوں کہ میرا بھائی مشرق وسطیٰ میں مسلمان بچوں کی شہادت کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔ برطانوی اخبار "ڈیلی سٹار” سے گفتگو میں جمانا عبیدی کا کہنا تھا کہ اس کے بھائی کو شام میں بچوں کی امریکہ کی طرف سے دھماکہ خیزمواد کے ذریعے نشانے بنانے پر غصہ تھا، اس لئے اس نے کنسرٹ میں برطانوی بچوں کو مارنے کا فیصلہ کیا۔ سلمان عبیدی کی بہن کا مزید کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اس نے ہر طرف مسلمان بچوں کو مرتے ہوئے دیکھا اور وہ ان کی موت کا بدلہ لینا چاہتا تھا، اس نے امریکہ کی طرف سے شام میں بم گرانے اور شامی بچوں کو نشانہ بنتے ہوئے دیکھا، جس کی وجہ سے آخرکار اسے نے بدلہ لینے کا سوچا اور کنسرٹ میں 8 بچوں کو اپنے بدلے کا نشانہ بنایا۔

جمانا عبیدی نے کہا کہ سلمان کے اس عمل پر کچھ دیر کیلئے مذمت کو روک دیا جائے کیونکہ یہ معاملہ اس کے اور خدا کے درمیان میں ہے مگر مانچسٹر حملہ آور کے ایک دوست جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا حملے کی وجہ کچھ اور بتاتے ہوئے کہا کہ سلمان عبیدی نے گزشتہ برس مانچسٹر میں اپنے ایک دوست کو قتل کئے جانے کا بدلہ لیا، سلمان کے دوست عبدالوہاب حفیظہ کو گزشتہ برس مئی میں مشکوک افراد کی جانب سے چھرا مار کر قتل کر دیا گیا تھا اور اس کا خیال ہے کہ سلمان نے دوست کے جنازے پر بدلہ لینے کا وعدہ کرتے ہوئے قتل کا بدلہ لیا ہے۔ مانچسٹر حملہ آور کے والد رمضان عیبدی نے حملے کو عبدالوہاب کے قتل کی وجہ کو مسترد کر دیا ہے جبکہ انہوں نے اپنے بیٹے کے خودکش حملے میں ملوث ہونے کو بھی مسترد کر دیا اور اسے معصوم قرار دیا۔ یاد رہے کہ مانچسٹر سٹی میں امریکی گلوکارہ آریانا گرینڈے کے میوزک کنسرٹ میں خودکش دھماکے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close