دنیا

سعودی عرب کی میزبانی میں طے پانیوالا اتحاد اہم پیشرفت ہے، اسے آگے بڑھنا چاہیے، رابرٹ گیٹس

واشنگٹن: امریکہ کے سابق وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے قطر اور اخوان المسلمون کے درمیان باہمی تعلقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے دونوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر عرصہ دراز سے اخوان المسلمون کا خیر مقدم کرتا رہا ہے۔ میں نے خطے میں کوئی اور ملک ایسا نہیں دیکھا جو اخوان المسلمون کو اس قدر عزت اور قدرو منزلت دیتا ہو۔ غیر ملکی ٹی وی کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے دوران خلیجی ملکوں اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر قطر کی طرف سے دستخط کوئی حیرت کی بات نہیں۔ قطر کی طرف سے 2014ء میں بھی ایسا ہی ایک معاہدہ کیا گیا تھا، جس میں ہم نے حماس اور اس کی حامی شخصیات کے بنک کھاتے سیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے باوجود قطر نے اس پر عمل درآمد نہیں کیا۔ رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ ہمیں امیر قطر کے پاس ایک نمائندہ وفد بھیجنا چاہیے، جو ان کے سامنے ہمارے مطالبات کی فہرست پیش کرے۔ دوحہ سے کہا جائے کہ وہ ان مطالبات کو تسلیم کرے، ورنہ ہم قطر کیساتھ تعلقات کی نوعیت تبدیل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

رابرٹ گیٹس نے بتایا کہ 2006ء سے 2011ء کے عرصے میں جب وہ وزیر دفاع تھے، تب بھی امریکہ اور قطر کے درمیان تعلقات مثالی نہیں تھے۔ قطری ذرائع ابلاغ کے بارے میں امریکہ اور خود قطر کے پڑوسی ملکوں کو شکایت تھی کہ یہ ذرائع ابلاغ خطے میں عدم استحکام کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ سابق امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب ایک اچھی اور مثبت شروعات ہیں۔ ان کے دورے سعودی عرب کا آغاز تو اچھا ہوا ہے۔ اس دورے کے دوران امریکہ نے یہ پیغام دیا ہے کہ امریکہ خطے میں موجود ہے۔ رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب کی میزبانی میں طے پانے والا اتحاد اہم پیش رفت ہے اور اسے آگے بڑھنا چاہیے۔ اخوان المسلمون کے بارے میں بات کرتے ہوئے گیٹس کا کہنا تھا کہ برسرزمین اخوان نے وہی کام کیا، جو القاعدہ اور داعش کرتی ہے، البتہ انہوں نے اپنی شکل تبدیل کرکے اسے ایسا پیش کرنے کی کوشش کی، جیسا آپ دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب اسپرنگ سے قبل اخوان المسلمون جمہوری اور شہری آزادی کی بات کرتی تھی، مگر مصر میں محمد مرسی کے دور حکومت میں اخوان المسلمون کا اصل انتہا پسندانہ چہرہ سامنے آیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close