جنوبی افریقہ، جہاں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی پہلی بار تصدیق ہوئی
جنوبی افریقہ: صدر سرل رامافوسا کا کہنا تھا کہ ’سائنسی اعتبار سے سفری پابندیوں کے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں اور نہ ہی یہ وائرس کی اس قسم کے پھیلاؤ سے بچاؤ فراہم کرتی ہیں
عالمی ادارہ صحت نے فروری سنہ 2020 میں کہا تھا کہ کووڈ وائرس کو دوسرے ممالک تک پھیلنے سے روکنے کے لیے سفری پابندیاں ’عام طور پر موثر نہیں ہوتیں‘ اور ان کے سنگین اقتصادی اور سماجی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اس وقت ’سفری پابندیوں کا، جو بین الاقوامی ٹریفک میں نمایاں طور پر خلل ڈالتی ہیں، صرف وبا کے آغاز میں ہی جواز پیش کیا جا سکتا ہے، کیونکہ وہ دیگر ممالک کو وبا سے بچاؤ کے اقدامات کرنے کے لیے وقت فراہم کر سکتی ہیں۔
اُس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چین اور یورپ سے امریکہ کے لیے پروازیں روکنے کے ان فیصلے کی حمایت کرنے میں ناکام رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے اس مشورے کو سنگاپور اور تائیوان جیسے ایشیائی ممالک نے بھی نظر انداز کیا تھا جنھوں نے چین پر سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں اور اس کے بعد دنیا بھر سے دیگر ممالک نے بھی ایسے ہی اقدامات لیے۔
عالمی ادارہ صحت نے اپنی ہدایات میں ترمیم کی اور ’خطرے کی بنا‘ پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ دنیا کے ممالک کو بین الاقوامی سفر کو محدود کرتے وقت ویکسینیشن یا قدرتی انفیکشن سے قوت مدافعت کی بڑھتی ہوئی سطح، مختلف اقسام کے پھیلاؤ، ٹیسٹنگ اور قرنطینہ جیسے اقدامات کے موثر ہونے کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’وہ ممالک جنھیں یہ تشویش ہے کہ وائرس کی نئی اقسام دوسروں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے کچھ وقت کے لیے زیادہ سخت سفری پابندیاں نافذ کریں۔
گذشتہ برس وبا کے ابتدائی مراحل کے دوران کی جانے والے تحقیق سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ سفری پابندیوں کا قلیل مدتی اثر ہوتا ہے اور اس طرح کم از کم وائرس کے پھیلاؤ کو سست کرنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ بھی پر ھیں : سائنسی جدت کے ساتھ کیسا ہوگا 2117؟
دسمبر 2020 میں سائنسی جریدے ’نیچر‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق سفری پابندیوں کا وبا کے آغاز میں کچھ فائدہ ہوا تھا لیکن بعدازاں ان کو عائد رکھنا خاص موثر نہیں تھا۔
جرمنی کے ڈبلیو زیڈ بی برلن سوشل سائنس سنٹر کی گذشتہ اکتوبر شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بھی ایسے ہی نتائج سامنے آئے تھے۔
اس تحقیق میں 180 ممالک کی سفری پابندیوں اور ان میں اموات کی شرح کا موازنہ کیا گیا تھا۔
اس تحقیق میں مزید کہا گیا کہ:
سفری پابندیوں کا سب سے زیادہ اثر اس وقت ہوا جب ممالک نے اپنے ہاں دس یا اس سے زائد اموات سے قبل ان پابندیوں کو عائد کیا۔
لازمی قرنطینہ کی شرط ملک میں داخلے پر پابندی سے زیادہ مؤثر رہی (چند ممالک میں اس کی بدولت شہریوں کو واپس آنے کی اجازت تھی)۔
تمام بین الاقوامی سفر پر پابندی لگانے کے بجائے گنے چنے ممالک سے مسافروں کی آمد پر لگائی جانے والی قدغنیں زیادہ کار آماد ثابت ہوئیں۔
برطانیہ میں وبا کے ابتدائی دنوں پر ہونے والی تحقیق میں دیکھا گیا کہ جس وقت ملک نے اپنی سرحدیں بند نہیں کی تھیں تب بھی تو وائرس کے کئی ہزار کیسز ملک میں سامنے آ چکے تھے جن میں سے زیادہ تر دیگر یورپی ممالک سے آئے تھے۔
وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی اب تک تقریباً ایک درجن ممالک میں شناخت ہو چکی ہے۔
لندن کی کوئین میری یونیورسٹی سے منسلک وبائی امراض کی ماہر ڈاکٹر دیپتی گرداسنی کے مطابق اگرچہ سفری پابندیاں وائرس کے پھیلاؤ کو سست کر سکتی ہیں تاہم اب تک یہ بات واضح ہے کہ نئی قسم بھی دنیا کے کئی حصوں تک پھیل چکی ہے۔
’سفری پابندیوں کے بجائے باقاعدہ جانچ پڑتال اور قرنطینہ کی پالیسیاں وبا کے پھیلاؤ کو کم کر سکتی ہیں۔‘
وبا کے ابتدائی دنوں اور آج میں ایک اہم فرق ویکسین کی موجودگی ہے تاہم ویکسینیشن کے عمل کی نہ صرف رفتار ہر ملک میں مختلف ہے بلکہ اب تک یہ بھی واضح نہیں کہ موجودہ ویکسین اس نئی قسم سے کتنا تحفظ فراہم کر سکتی ہیں۔
مثال کے طور پر ایسے ممالک جن کی معیشت کا دارومدار سیاحت پر ہے، سفری پابندیوں کے نقصانات کا جائزہ لے کر ہی ایسا کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں۔
آسٹریلیا نے 18 ماہ کی بندش کے بعد نومبر میں اپنی سرحدیں کھولی تھیں۔ اس سے قبل صرف آسٹریلوی سہریوں کو ملک سے آنے جانے کی اجازت تھی اور اس کے لیے بھی خصوصی اجازت درکار تھی۔
حالیہ واقعات کے بعد اس نے ایک بار پھر بین الاقوامی طلبہ اور ہنرمند ملازمین کی ملک میں آمد روک دی ہے۔
نیوزی لینڈ نے پچھلے سال سے ہی اپنی سرحدیں نہیں کھولیں البتہ وہاں کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اپنے شہریوں اور ایسے آسٹریلوی جن کے پاس نیوزی لینڈ کا ویزا ہے صرف وہ ہی 2022 سے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔ اس کے بعد اپریل میں توقع ہے کہ ویکسینیٹڈ سیاحوں کے لیے بھی سرحدیں کھل جائیں گی۔
ان ممالک میں جولائی 2021 تک کورونا کیسز کی شرح قدرے کم رہی۔ اس کے بعد انڈیا میں شناخت ہونے والا ڈیلٹا ویریئنٹ سامنے آ گیا۔
تاہم ہم نے دیکھا کہ بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ اور ماسک پہننے جیسے حفاظتی اقدامات انفیکشن کی شرح کم رکھنے میں سفری پابندیوں جتنے ہی مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔