یمن میں فضائی حملے میں 24 افراد جاں بحق
صنعاء: یمن کے شمالی علاقے میں ہونے والے فضائی حملے کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ اس کارروائی کا الزام سعودی عسکری اتحاد پر عائد کیا جارہا ہے جو کہ یمنی باغیوں کے خلاف بر سر پیکار ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فضائی کارروائی سعودی سرحد کے قریب واقع یمن کے شمالی صوبے صعدہ کی مصروف مارکیٹ مشنق میں کی گئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ مارکیٹ یمن میں کثرت سے استعمال ہونے والی نشہ آور پتی ’قات‘ کی اسمگلنگ کا مرکز ہے جب کہ سعودی عرب میں اس کے استعمال پر پابندی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں فوجی اتحاد یمن میں گزشتہ دو برسوں سے کارروائیوں میں مصروف ہے اور خاص طور پر ان علاقوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جہاں حوثی باغیوں کا کنٹرول ہے۔ دوسری جانب سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے اس کارروائی کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔